نئی دہلی، 7 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اسلام آباد میں حال ہی میں اختتام پذیر سارک ممالک کے داخلہ وزراء کے اجلاس کی کوریج کرنے کے لیے گئے ہندوستانی صحافیوں کو پاکستانی حکام کے توہین آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے انہیں نہ صرف افتتاحی تقریب میں جانے سے روکا بلکہ انہیں اجلاس کی جگہ کے اس دروازے پر بھی نہیں کھڑے ہونے دیا جہاں ان کے وزیر داخلہ مہمانوں کا استقبال کر رہے تھے۔پاک حکام کے اس رویے کی وجہ سے کشیدگی پیدا ہو گئی تھی ۔سارک اجلاس کی کوریج کے مقصد سے پاکستان جانے کے لیے 6ہندوستانی صحافیوں کو ویزا دیا گیا تھا، ان صحافیوں کو اجلاس کی افتتاحی تقریب میں جانے سے صاف منع کر دیاگیا ، اجلاس میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے بھی شرکت کی تھی۔اس کے بعد ہندوستانی صحافی اس دروازے پر کھڑے ہو گئے جہاں پاکستانی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سارک ممالک سے آئے مہمانوں کا استقبال کر رہے تھے۔جب پاکستانی میڈیا نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے آنے پر ان کی تصاویر لینے کے لیے پوزیشن لی تو ہندوستانی صحافیوں نے بھی ایسا ہی کیا، لیکن اسی وقت پاکستانی حکام نے ان سے بے رخی سے اس جگہ سے ہٹ جانے کو کہا، انہوں نے کہا کہ ہندوستانی صحافیوں کو دروازے کے باہر بھی کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہے۔